01:50 , 17 جون 2026
Watch Live

4 نومبر سے اب تک 4,910 آپریشنز، 206 دہشتگرد ہلاک، ڈی جی آئی ایس پی آر کی اہم بریفنگ

ڈی جی آئی ایس پی آر کی اہم بریفنگ

ترجمان پاک فوج کے مطابق 4 نومبر 2025 سے اب تک ملک بھر میں 4,910 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے گئے جن میں 206 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ رواں سال مجموعی طور پر 67,023 آئی بی اوز انجام دیے گئے، جن کے دوران 1,873 دہشتگرد مارے گئے، جن میں 136 افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ صوبائی سطح پر خیبرپختونخوا میں 12,857 جبکہ بلوچستان میں 53,309 آپریشنز کیے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں ملکی سلامتی، بارڈر مینجمنٹ، انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں اور خطے کی بدلتی صورتحال پر جامع بریفنگ دی اور متعدد اہم حقائق پیش کیے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاک افغان سرحد 1,229 کلومیٹر طویل، دشوار گزار علاقوں اور 20 کراسنگ پوائنٹس پر مشتمل ہے، جس کے باعث نقل و حرکت مکمل طور پر روک پانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحد کے آرپار منقسم گاؤں اور دور دور قائم چوکیاں صورتحال کو مزید پیچیدہ بناتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 34 دہشتگرد ہلاک

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان کی رجیم دہشتگرد گروہوں کی سہولتکار بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے متعدد شواہد فراہم کیے ہیں کہ افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کے مراکز، قیادت، اسلحہ اور فنڈنگ موجود ہے۔ پاکستان کا مطالبہ ہے کہ طالبان انتظامیہ ایک قابلِ تصدیق نظام کے تحت اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے استعمال سے روکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا مسئلہ افغان عوام سے نہیں بلکہ طالبان رجیم کے رویّے سے ہے۔

افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق بتایا گیا کہ 2024 میں 366,704 جبکہ 2025 میں اب تک 971,604 افراد واپس افغانستان جا چکے ہیں۔ صرف نومبر میں 239,574 افراد کی واپسی عمل میں آئی۔ ترجمان نے تنبیہ کی کہ اگر کوئی ملک افغان طالبان کو فوجی ساز و سامان فراہم کرے گا تو وہ براہِ راست دہشتگرد گروہوں کے ہاتھوں میں چلا جائے گا۔

بھارت سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی قیادت خود فریبی پر مبنی بیانات دے رہی ہے۔ انڈین آرمی چیف کے “ٹریلر” والے بیان کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی ٹریلر میں سات جہاز گر جائیں، 26 مقامات نشانہ بن جائیں اور S-400 بیٹریاں تباہ ہوں تو ایسی فلم بھارت کے لیے “ہولناک فلم” ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : افغان مہاجرین کو وطن واپس جانا ہوگا، خواجہ آصف

انہوں نے بتایا کہ پاکستان مخالف بیانیہ پھیلانے والے بیشتر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرون ملک سے چل رہے ہیں، جو ملکی سیاست اور داخلی ماحول کے خلاف زہریلا مواد پھیلا رہے ہیں۔

نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچستان میں ایک منظم نظام قائم کیا جا چکا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں کچھ کمزوریاں سامنے آئی ہیں۔ بلوچستان کے 27 اضلاع اب پولیس کے دائرہ اختیار میں آ چکے ہیں، جو صوبے کے 86 فیصد حصے کے برابر ہے۔ ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کارروائیوں سے اس کی یومیہ مقدار 20.5 ملین لیٹر سے گھٹ کر 2.7 ملین لیٹر رہ گئی ہے، جس سے دہشتگرد گروہوں کے مالی نیٹ ورک کو شدید ضرب لگی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کے لیے اچھے یا برے دہشتگرد میں کوئی فرق نہیں۔ ان کے بقول "ہمارے نزدیک اچھا دہشتگرد وہ ہے جو جہنم واصل ہو چکا ہو”۔ انہوں نے کہا کہ حق ہمیشہ غالب آتا ہے اور پاکستان حق پر کھڑا ہے۔

ہم سب کو مل کر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION